ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی شاہین باغ میں دفعہ 144 کے نفاذ کے ساتھ پولس کا سخت بندوبست

دہلی شاہین باغ میں دفعہ 144 کے نفاذ کے ساتھ پولس کا سخت بندوبست

Sun, 01 Mar 2020 19:09:10    S.O. News Service

نئی دہلی،یکم مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی)  شہریت ترمیمی قانون ( سی اے اے) کے خلاف شاہین باغ میں دو ماہ سے بھی زائد دنوں سے جاری احتجاجی مظاہرے کے پاس دو گروپوں کے  درمیان متوقع   تصادم کو روکنے کے لئے انتظامیہ نے  اتوار کو اس علاقے میں دفعہ 144 نافذ کر دیا تھا جس کے چلتے خبر ملی ہے کہ حالات پرامن ہیں۔

یاد رہے کہ ایک شدت پسند دائیں بازو کی تنظیم ہندو سینا نےاعلان کیا تھا کہ وہ  یکم مارچ کو شاہین باغ کی سڑک خالی کرائیں گے۔تاہم پولیس کی مداخلت کے بعد انہوں نے شاہین باغ میں سی اے اے مخالف تحریک کے خلاف اپنا مجوزہ ا حتجاج واپس لے لیا تھا۔ مگر پولیس نے احتیاطاََ بھاری تعداد میں پولیس فورسز کی تعیناتی کی ہے۔

ایک پولیس افسر نے بتایا کہ کسی بھی  قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے نپٹنے کے لئے پولیس فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔ شمال مشرقی دہلی میں بھڑکے تشدد کی آگ خواہ ٹھنڈی ہو چکی ہے لیکن دارالحکومت کے دوسرے علاقوں کی ہر سرگرمی پر پولیس کی نظر ہے۔ ایسا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ جنوب مشرقی دہلی علاقے میں بھی لوگ ہنگامہ کر سکتے ہیں لہذا پولیس نے احتیاطی طور پر یہ قدم اٹھایا ہے۔

دریں اثنا پولیس کی جانب سے ایک اطلاعاتی بورڈ بھی لگایا گیا ہے جس پر لکھا ہے، ’’آپ سبھی کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ یہاں دفعہ 144 لاگو ہے۔ اس علاقے میں مجمع لگانے یا مظاہرہ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ خلاف ورزی کرنے پر قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔‘‘

شاہین باغ میں دفعہ 144 کے نفاذ کے حوالہ سے جوائنٹ کمشنر ڈی سی سریواستو نے کہا، ’’تمام انتظامات احتیاطاً کیے گئے ہیں، ضلع کے اعلی افسران اور سی آر پی ایف کی بیرونی فورس اور دہلی پولیس ہمارے پاس ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ لوگوں میں امن اور سلامتی کا احساس برقرار رہے۔‘‘

واضح ر ہے کہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف شاہین باغ میں دو ماہ سے زائد وقت سے كالندی کنج شاہراہ پر خواتین کی جانب سے  دن رات احتجاجی مظاہرہ جاری ہے۔ 


Share: